Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک ) تھانہ لاری اڈہ کے علاقے میں ایک محنت کش پر تشدد اور اس کی بھنویں کاٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کا ڈی پی او نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق محلہ کالوپورہ کے رہائشی ذیشان ڈار، جو مہر عدنان کے پاس ملازمت کرتا تھا، کسی بات پر تلخ کلامی ہونے کے بعد مہر عدنان نے مبینہ طور پر اس پر تشدد کیا اور اس کی بھنویں کاٹ دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص نے ابتدائی طور پر تھانے میں کوئی درخواست جمع نہیں کرائی تھی، تاہم واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد پولیس نے اسے تلاش کر کے میڈیکل معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم مہر عدنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔