Metro53 - اسلام آباد (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو باقاعدہ مدعو کیا گیا تھا اور اجلاس میں انہوں نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا:"پارٹی کے اندر سے ہی الزامات آتے ہیں، میں صرف جواب دیتا ہوں۔ اگر مجھ پر بیانات نہ آئیں، تو میں بھی خاموش رہوں گا۔"
پارٹی رہنماؤں اسد قیصر، شہریار آفریدی اور نثار جٹ نے ان کی واپسی کی حمایت کی، جبکہ اجلاس میں شاندانہ گلزار نے سوال اٹھایا کہ"شہباز گل، شہزاد اکبر اور عالیہ حمزہ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، صرف شیر افضل مروت کو ہی کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟"
پارلیمانی پارٹی کی اکثریت نے مروت کے حق میں بات کی، تاہم شہریار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کوئی حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا اور یہ معاملہ بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھا جائے گا۔