Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک)گجرات کے علاقہ لالہ موسیٰ میں ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے بعد سیاسی محاذ آرائی سامنے آگئی۔ رہنما پیپلزپارٹی اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کے کزن ندیم اصغر کائرہ نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے نصیر عباس سدھو کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
چودھری ندیم اصغر کائرہ نے MERO 53سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نصیر عباس سدھو فارم 47 کے ایم این اے ہیں اور لالہ موسیٰ کی عوام کو 20 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے نام پر گمراہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعوے تو بڑے بڑے کیے جا رہے ہیں مگر عملی طور پر ترقیاتی کام نظر نہیں آ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی نے گجرات سے لے کر سرائے عالمگیر تک ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا اور گھر گھر گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا، مگر موجودہ نمائندے صرف وعدوں تک محدود ہیں۔
ندیم اصغر کائرہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ لالہ موسیٰ کے سیوریج منصوبے کا ٹھیکہ تین مرتبہ منسوخ کیا گیا، جس سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر سیوریج منصوبے کا ٹھیکہ بار بار کیوں کینسل کیا گیا اور عوام کو فنڈز کے نام پر دھوکا کیوں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نصیر عباس سدھو کے جھوٹے وعدے اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور لالہ موسیٰ کے شہری سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ ندیم اصغر کائرہ کا کہنا تھا کہ عوام جلد سچ اور جھوٹ کا فیصلہ خود کریں گے۔