Metro53 - گجرات (مرزا عامر بیگ سے) پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی و صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایتھوپین سفارتخانے اسلام آباد میں ایک اہم اور بامقصد ملاقات منعقد ہوئی، جس میں ممتاز صنعتکار اور گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی و سابق صدر انجینئر سرفراز احمد شیخ اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کنزیومر پروٹیکشن و منیجنگ ڈائریکٹر سرفراز افتخار الیکٹرک انڈسٹریز محمد بلال
اس ملاقات میں ایتھوپیا کے معزز سفیر، ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ سے دوطرفہ تجارتی و صنعتی تعلقات، مشترکہ منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو نئے دور میں داخل کیا جانا چاہیے، تاکہ نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ پہنچے بلکہ عوامی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں۔
گفتگو کے دوران برآمدات، صنعتی اشتراک، توانائی کے شعبے میں ممکنہ تعاون اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے جیسے اہم امور زیرِ غور آئے۔ انجینئر سرفراز احمد شیخ نے پاک ایتھوپیا تعلقات میں وسعت کے امکانات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ افریقی خطے کے ساتھ معاشی روابط پاکستان کی برآمدی پالیسیوں کے لیے نیا در وا کر سکتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر انجینئر سرفراز احمد شیخ اور محمد بلال سعد نے سفیر ایتھوپیا کو "تلوارِ اعزاز" کا ایک خوبصورت تحفہ پیش کیا، جو دونوں اقوام کے مابین دوستی، باہمی عزت و احترام اور دیرپا تعلقات کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔
سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے اس محبت بھرے جذبے پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو محض رسمی سطح پر محدود رکھنے کے بجائے عملی اور ثمرآور شراکت داری کی بنیاد پر استوار کرنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے اس ملاقات کو دونوں ممالک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے جلد ہی باہمی تعاون کے مزید اقدامات کا عندیہ بھی دیا۔