Metro53 - لاہور( ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جہاں پاکستان تحریک انصاف غلط ہو وہاں اخلاقی حدود میں رہ کر اُس پر تنقید کریں۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرح مسلم لیگ (ن) اور دوسری سیاسی جماعتوں پر بھی تہذیب کے دائرے میں رہ کر تنقید ہونی چاہیے۔ حکومت پی ٹی آئی کے خلاف جو کچھ کر رہی ہے اُس پر سب کو آواز اٹھانی چاہیے، لوگ حق اور سچ کا ساتھ دیں۔
دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے یورپ لاہور کی بہت سیر کر لی، اب خدا کے لیے واپس تشریف لے جائیں اور جاکر خیبر پختونخوا کے لوگوں کی بھی داد رسی کرلیں، ان کی بھی سن لیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل رات سے بنگلا دیش کی تصویریں لگاکے خوش ہو رہے تھے، لیکن آج دن کی روشنی میں سٹریٹ موومنٹ کا پول کھل گیا، اسٹریٹ موومنٹ والوں کو نعروں کا جواب دینے والا بھی کوئی نہ ملا۔