عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی

عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی
Metro53

Metro53 - لاہور(ویب ڈیسک )بانی پی ٹی آئی اورسابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون اوریلی سے دوسری شادی کرلی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 62 سالہ کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کی۔ کیمرون آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں اور معروف میڈیا شخصیت و سابق عالمی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون کئی دستاویزی فلموں اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں پہلے کچھ عرصے تک دوست رہے، بعد ازاں ان کا تعلق رومانوی رشتے میں تبدیل ہوگیا۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی جوڑے کی شادی کی تصدیق کی، جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’کیا ہی خوشی کا دن ہے۔کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں، جبکہ جمائما کے عمران خان سے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ جمائما اور ان کے بیٹے عمران خان کی رہائی کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔
جمائما اور عمران خان کی شادی 9 سال بعد 2004 میں ختم ہوگئی تھی، جبکہ دونوں کی باقاعدہ طلاق 2005 میں ہوئی۔ کیمرون او ریلی نے اپنے والد کے میڈیا کاروبار میں ایک دہائی تک کام کیا اور بعد ازاں آسٹریلوی میڈیا گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا سے وابستہ رہے۔ انہوں نے 2000 میں چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ 2003 میں انہوں نے نجی سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا اور سوئس میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر خریدی۔ بعد ازاں یہ کمپنی 2011 میں توشیبا کو 2.3 ارب ڈالر میں فروخت کردی گئی۔
جمائما کی دوسری شادی ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ لیڈی اینابیل گزشتہ برس انتقال کرگئی تھیں، جبکہ جمائما کے والد ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ 1997 میں انتقال کرگئے تھے۔دوسری جانب جمائما مسلسل عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔ عمران خان 2023 سے مختلف مقدمات میں قید ہیں اور اپنے خلاف عائد کرپشن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی قرار دیتے ہیں۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں