Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) گجرات میں عدالت میں پیشی کے بعد گھر واپس جانے والے دو افراد پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ لالہ موسیٰ کے علاقے ڈلے والے پھاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے دونوں افراد کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی وجوہات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی واقعے کے محرکات اور ملزمان کے بارے میں حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔