گجرات میں پولیس مقابلہ، زیرِ حراست ملزم چھڑوا لیا گیا، ایک زخمی ملزم دوبارہ گرفتار

گجرات میں پولیس مقابلہ، زیرِ حراست ملزم چھڑوا لیا گیا، ایک زخمی ملزم دوبارہ گرفتار
Metro53

Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) تھانہ صدر جلالپور جٹاں کے علاقے میں پیش آنے والے ایک پولیس مقابلے کے دوران چار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے زیرِ حراست ملزم کو چھڑا لیا اور فرار ہو گئے، جبکہ تعاقب کے دوران ایک زخمی ملزم کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق زیرِ حراست ملزم کو لے جایا جا رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا اور فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور اپنے ساتھی ملزم کو پولیس کی تحویل سے چھڑوا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے فرار ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ٹھمکہ قبرستان کے قریب سے ملزم عدنان شہباز، سکنہ چک گوجرہ ضلع منڈی بہاؤالدین، کو زخمی حالت میں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔

زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق عدنان شہباز مویشی چوری سمیت 11 مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

دوسری جانب فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں