Metro53 - کراچی ( ویب ڈیسک )عارف حبیب گروپ کے زیر قیادت کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد قومی فضائی کمپنی مکمل طور پر نجی تحویل میں آ جائے گی اور اس کا انتظام و انصرام مکمل طور پر نجی شعبے کے پاس ہو گا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد علی حبیب کے مطابق کنسورشیم نے اصولی طور پر فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ حکومت کے پاس موجود باقی حصص بھی حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں حتمی فیصلہ متوقع ہے جبکہ معاہدے کے تحت ادائیگی آئندہ بارہ ماہ کے دوران مکمل کی جائے گی۔ 100 فیصد حصص کی خریداری کے بعد ادارہ مکمل نجی حیثیت میں کام کرے گا اور سرکاری نامزد اراکین سے آزاد ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں کنسورشیم نے 135 ارب روپے کے عوض 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔ حکومت کی جانب سے نجکاری کا مقصد خسارے کا شکار قومی فضائی کمپنی کی تنظیمِ نو، طیاروں کے بیڑے میں اضافہ اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری لانا تھا تاکہ ادارے کو منافع بخش بنایا جا سکے۔
75 فیصد حصص کی فروخت کے بعد حکومت نے باقی 25 فیصد حصص کی خریداری کے لیے نوّے روز کی مہلت دی تھی، جن کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے بتائی گئی ہے۔ معاہدے کے مطابق ادائیگی کی مدت بارہ ماہ مقرر کی گئی ہے، جسے سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ عمل قرار دیا جا رہا ہے۔
کامیاب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر (34.1 فیصد)، فوجی فرٹیلائزر کمپنی (33.9 فیصد)، لیک سٹی (16 فیصد)، دی سٹی اسکول اور اے کے ڈی گروپ (مجموعی طور پر 16 فیصد) شامل ہیں۔
شاہد علی حبیب کے مطابق پی آئی اے کی بہتری کے منصوبے میں عملے کی تربیت، ٹکٹنگ کے نظام میں بہتری، پروازوں کے معیار کو بلند کرنا اور حفاظت و سلامتی کے انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق بنانا شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نجی انتظام کے تحت ادارے کو مسابقتی بنیادوں پر مستحکم کیا جائے گا اور مسافروں کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔