Metro53 - لاہور( ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظرہیں، اس وقت وزیر اعظم پاکستان ملک میں نہیں ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، اس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہونا چاہیے، یہ دوہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تفصیل میں نہیں جا سکتا ،جب ضرورت ہوئی تو تفصیل بتاؤں گا۔