Metro53 - کولمبو( ویب ڈیسک )کولمبو میں کرکٹ کا میدان جنگ سج گیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلہ آج ہوگا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں، سازگار کنڈیشنز میں اسپن ہتھیاروں سے ایک دوسرے کو قابو کرنے کی کوشش ہوگی۔
پاکستانی اسپنر عثمان طارق بھارتیوں کے اعصاب پر سوار ہیں، ناکام سائیڈ کے پاس بھی آخری میچ جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع ہوگا، میچ کیلیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، ٹیموں کے ساتھ سائے کی طرح اہلکار موجود ہوتے ہیں۔
تمام ٹکٹ پہلے ہی بک چکے تھے،اب بلیک میں فروخت جاری ہے، بڑی تعداد میں بھارتی اور پاکستانی شائقین کی دنیا بھر سے آمد نے سری لنکا کی ٹورزم کو مزید بڑھا دیا،ادھر آسمان پر سیاہ بادل بدستور ڈرانے کیلیے موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں روایتی حریفوں کا مقابلہ ہمیشہ ہی سب سے زیادہ خاص ہوتا ہے،البتہ اس بار پہلے پاکستان کی جانب سے منفی بھارتی رویے پر بائیکاٹ کے اعلان اور پھر بنگلہ دیش کو انصاف ملنے کے بعد آمادگی نے میچ میں دلچسپی مزید بڑھا دی۔
دونوں ٹیمیں اتوار کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ کھیلیں گی،گرین شرٹس اب عمدہ کھیل کیلیے پرعزم ہیں، اتوار کا میچ جو بھی ٹیم جیتی وہ سپر8 میں جگہ بنا لے گی،ناکام سائیڈ کے پاس بھی آخری میچ جیت کر پیش قدمی کا موقع ہوگا۔
کنڈیشنز سپن بولنگ کیلیے سازگار نظر آتی ہیں، منفرد ایکشن کے حامل پاکستانی سپنر عثمان طارق نے بھارتیوں کی نیندیں اڑائی ہوئی ہیں، ٹیم کو سلو بولنگ میں ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور صائم ایوب کا ساتھ بھی حاصل ہوگا۔
پیس اٹیک شاہین آفریدی اور فہیم اشرف سنبھالیں گے، فہیم کو گزشتہ میچ میں ٹیم مینجمنٹ نے گیند ہی نہیں تھمائی جبکہ شاہین اصل فارم میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں، پاور پلے میں بھارتی بیٹرز کو بڑا سکور بنانے سے روکنا ضروری ہوگا۔
جارح مزاج ابھیشیک شرما معدے کی تکلیف کے بعد تیزی سے روبصحت ہیں، وہ ٹیم کے ساتھ کولمبو آئے بھی ہیں، البتہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ کھلایا جائے یا نہیں۔
بھارتی بیٹرز ایشان کشن، تلک ورما اور سوریا کمار یادو اچھی فارم میں ہیں،ہردیک پانڈیا نے آل رائونڈر کے روپ میں خود کو منوا لیا ہے۔
پاکستانی بیٹنگ کا انحصار صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی جانب سے جارحانہ آغاز پر ہو گا، ون ڈائون پر سلمان علی آغا سے بھی بہترین کارکردگی کی توقعات ہیں، بابراعظم پر ٹیم کا سب سے زیادہ انحصار ہوگا، انھیں وکٹ بچانے کے ساتھ سکورنگ ریٹ پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔
آل رائونڈرز شاداب اور فہیم بیٹنگ میں صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے، البتہ دونوں میچز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے عثمان خان ٹیم کی کمی کڑی محسوس ہوتے ہیں۔
بھارتی ورون چکرورتی کی سپن بولنگ کو سمجھنا پاکستانی بیٹرز کا امتحان ہوگا،اکثر پٹیل بھی اچھے سپنر ہیں۔
ہائی وولٹیج میچ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، مسلح اہلکار سائے کی طرح دونوں ٹیموں کے ساتھ موجود ہیں،سکیورٹی کا دائرہ ہوٹل میں قیام، پریکٹس سیشنز اور میچ کے دن کی نقل و حرکت تک پھیلا ہوا ہے۔
مقابلے کا آغاز شام 7 بجے ہوگا کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے نے سری لنکا کی ٹورزم کو مزید بڑھا دیا ہے، دنیا بھر سے بڑی تعداد میں بھارتی اور پاکستانی شائقین کولمبو پہنچے ہیں، تمام ٹکٹس پہلے ہی بک ہو چکے تھے اور اب بلیک میں فروخت جاری ہے۔
ادھر آسمان پر سیاہ بادل بدستور ڈرانے کیلیے موجود ہیں، اتوار کو بارش کی پیشگوئی پہلے ہی ہو چکی، شائقین یہی دعا کر رہے ہیں کہ بادل نہ برسیں،گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، ان میں بھارت نے 12 میں کامیابی حاصل کی، 3 پاکستان نے جیتے،2007 کا ایک مشہور ‘‘بال آؤٹ’’ مقابلہ ٹائی ہوا تھا۔
آج کولمبو میں مختلف اوقات میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ کولمبو میں آج بارش کے امکانات بتدریج کم ہو رہے ہیں۔
سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق بادل چھائیں رہیں گے، میچ کے اوقات میں طوفانی بارش کا امکان نہیں ہے۔
سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال کے اوپر موجود کم دباؤ والے خبردار کیا ہے جس کا مطلب ممکنہ طور پر 70 فیصد تک بارش کا امکان ہے، شام 6 سے 7 بجے کے درمیان 5.1 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، اس کے ساتھ شام 7 سے 10 بجے (3.8 ملی میٹر) کے درمیان ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو میچ کے اوورز کم کیے جا سکتے ہیں۔
اس بات کا بھی امکان ہے کہ میچ کے وقت تک بارش کم ہو سکتی ہے، لیکن کم از کم 50-60% امکان ہے کہ دوپہر ایک بجے سے 7 بجے کے درمیان بارش ہو، اس لیے شائقین کو ممکنہ تاخیر یا میچ کے بار بار رکنے کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے، اگرچہ سب سے زیادہ بارش کا امکان دن کے شروع میں ہے لیکن میچ کے اوقات کے دوران بھی میں بارش کا قوی امکان ہے۔
اگرچہ 60 منٹ کے اضافی وقت ہوگا، اس کے علاوہ پریماداسا اسٹیڈیم میں نکاسی آب کا اچھا نظام اور خصوصی گراؤنڈ اسٹاف پروٹوکولز ہیں جو کولمبو کی بارشوں کو سنبھالنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں اور بہت سے بین الاقوامی مقامات کے برعکس جو صرف پچ کور کرتے ہیں، پریماداسا میں کھیل کے پورے علاقے کو محفوظ رکھنے کے لیے کور موجود ہیں۔
عام حالات میں گراؤنڈ عام طور پر موسلا دھار بارش کے رکنے کے بعد 45 سے 60 منٹ کے اندر کھیلنے کے لیے موزوں ہو جاتا ہے۔