دبئی :ٹی 20 ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو7وکٹوں سے ہرادیا

دبئی :ٹی 20 ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو7وکٹوں سے ہرادیا
Metro53

Metro53 - دبئی (ویب ڈیسک )ٹی 20 ایشیاء کپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور اگلے مرحلے کے لیے پوزیشن مستحکم کر لی۔

 جنگ اخبار کے مطابق، پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 128 رنز کا ہدف دیا تھا، جو اس نے 16 ویں اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، کلدیپ یادیو میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔پاکستان کی طرف سے بھارت کے تینوں کھلاڑیوں کو صائم ایوب نے پویلین بھیجا، انہوں نے 4 اوورز میں 35 رنز دیے۔بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، ابھیشیک شرما اور تلک ورما نے 31، 31 رنز اسکور کیے۔بھارت کے شمبن گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شیوم دوبے 10 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

پہلی اننگز میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 129 رنز بنائے تھے۔صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 40 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 33 رنز اسکور کیے، انہوں نے اس دوران 4 چھکے بھی لگائے۔صائم ایوب اور محمد نواز صفر، محمد حارث اور سلمان علی آغا 3، 3، حسن نواز 5، سفیان مقیم 10، فہیم اشرف 11 اور فخر زمان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کے کلدیپ یادیو نے 3، اکثر پٹیل اور جسپریت بمرا نے 2، 2 ہاردک پانڈیا اور ورون چکروتی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل دبئی میں کھیلے جا رہے میچ کے ٹاس کے لیے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی قائد سوریا کمار یادیو میدان میں اترے۔پاکستانی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، عمان کے خلاف کھیلنے والی ٹیم ہی نے بھارتی بولنگ لائن کا سامنا کیا۔پاکستان نے اب ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ یو اے ای کے خلاف بدھ 17 ستمبر کو کھیلنا ہے جبکہ بھارت کا مقابلہ عمان سے 19 ستمبر کو ہو گا۔گروپ اے میں پاکستان اور بھارت دو، دو میچز کھیل چکے ہیں جبکہ عمان اور یو اے ای کی ٹیموں کے 2، 2 میچز باقی ہیں۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں