Metro53 - لاہور(ویب ڈیسک )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔
وزیر تعلیم لاہور کے علاقے بیدیاں کے لدھر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پہنچے، جہاں انہوں نے تیسری اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو انگلش اور ریاضی پڑھائی۔ کلاس شروع کرنے سے قبل رانا سکندر حیات نے طلبہ کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لینے کے لیے اسسمنٹ بھی کی۔
کلاس کے دوران طلبہ وزیر تعلیم کے ساتھ گھل مل گئے اور ماحول دوستانہ رہا۔ طلبہ نے وزیر تعلیم سے کہا کہ انہیں محسوس ہی نہیں ہو رہا کہ وہ ان کے نئے استاد ایک بلکہ صوبائی وزیر ہیں۔
رانا سکندر حیات نے طلبہ کو صفائی، اخلاقیات، برداشت اور تحمل کے موضوعات پر بھی آگاہی دی۔
وزیر تعلیم نے اسکول میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور واٹر کولر اور اسپورٹس کٹس کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول لدھر میں اسٹیم لیب اور تین اضافی کلاس رومز تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ آج تعلیمی اصلاحات کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ وزراء کا خود فیلڈ میں جا کر کارکردگی کا جائزہ لینا وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اصلاحاتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر کا خود اسکول جا کر کلاس پڑھانا تعلیمی اداروں کی نگرانی اور اصلاحات کا منفرد عملی ماڈل ہے، جس سے سرکاری اسکولوں کے حالات اور معیار تعلیم سے متعلق زمینی حقائق جاننے میں مدد ملے گی ۔