Metro53 - وہاڑی(ویب ڈیسک)واپڈا کی مجرمانہ غفلت نے ایک اور گھر کا چراغ بجھا دیا۔ ٹرانسفارمر سے لٹکی ہوئی ننگی اور خطرناک برقی تار سے محمد رفیق کھوکھر کا 13 سالہ معصوم بیٹا محمد عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اندوہناک واقعے کے خلاف اہل محلہ سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق13 سالہ محمد عثمان مسجد سے قرآن پاک پڑھ کر اپنے گھر واپس لوٹ رہا تھا کہ راستے میں ٹرانسفارمر سے لٹکی ہوئی بجلی کی تار کی زد میں آ گیا۔ اس حادثے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے اور والدین پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔اہل محلہ نے واپڈا حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس حادثے کی بنیادی ذمہ دار واپڈا انتظامیہ ہے، کیونکہ ٹرانسفارمر سے لٹکتی ہوئی ان خطرناک تاروں کے بارے میں واپڈا حکام کو بارہا تحریری اور زبانی آگاہ کیا گیا تھا، لیکن محکمہ کی مجرمانہ غفلت اور ہٹ دھرمی کے باعث کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور آج ایک گھر کا چشم و چراغ اس غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا۔
اہل علاقہ اور ورثاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم عثمان کی ہلاکت کے ذمہ دار غافل واپڈا حکام کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔