Metro53 - ابوظہبی(ویب ڈیسک) پاکستان کے کم عمر ترین مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) فائٹر، 11 سالہ اورنگزیب تاثیر نے انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنا پہلا مقابلہ جیت لیا۔ا
اورنگزیب تاثیر نے افتتاحی مقابلے میں جنوبی افریقہ کے 12 سالہ روبن پریٹوریئس کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
نوجوان پاکستانی فائٹر اب اپنے اگلے مقابلے میں ازبکستان کے دولت بیک عالموف کا سامنا کریں گے۔ اس مقابلے میں کامیابی انہیں ٹورنامنٹ کے اگلے مراحل کے مزید قریب لے جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق اس عالمی ایونٹ میں 82 ممالک کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جس میں دنیا بھر کے نوجوان مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
اورنگزیب تاثیر کی پہلی فتح نے پاکستان میں شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے، جو اب ان کے اگلے مقابلے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ کم عمری میں بین الاقوامی حریفوں کے خلاف ان کی کامیابی کو پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
اگر اورنگزیب تاثیر ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ انٹرنیشنل ایم ایم اے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی فائٹر بن سکتے ہیں۔
ان کی کامیابی پاکستان کے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک مثال بن سکتی ہے اور ملک میں مکسڈ مارشل آرٹس کے کھیل کو گراس روٹ سطح پر مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔