Metro53 - اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے نوجوان سماجی رہنما اور یوتھ جنرل اسمبلی کے بانی فہد شہباز کو معروف عالمی میگزین Forbes کی “30 انڈر 30 ایشیا” فہرست میں سوشل امپیکٹ کیٹیگری کیلئے منتخب کر لیا گیا۔
فہد شہباز کو یہ اعزاز نوجوانوں کی فلاح، سماجی بہتری اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ ان کی عالمی سطح پر پذیرائی کو پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ فہد شہباز کو 2023 میں برطانیہ کے معروف The Diana Award سے بھی نوازا گیا تھا، جو سماجی خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کیلئے دنیا کے اہم اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔
فہد شہباز 2026 میں فوربز 30 انڈر 30 ایشیا کی سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی نوجوان بن گئے ہیں، جبکہ بیک وقت ڈیانا ایوارڈ اور فوربز جیسے عالمی اعزازات حاصل کرنا بھی ایک منفرد کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
سماجی حلقوں، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے فہد شہباز کی کامیابی کو پاکستان کے نوجوانوں کیلئے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز ملک کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔