Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک ) جامعہ گجرات میں 10 مئی 2025 کی تاریخی کامیابی معرکہ حق کی یاد میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی شاندار کارکردگی، حب الوطنی اور قومی جذبے کو سراہا گیا۔ تقریب میں اختر فاروق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد نعیم بٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس ناصرہ پروین نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ تقریب میں سنڈیکیٹ ممبر اوورسیز پاکستانی طارق محمود شیخ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود مرزا، سینئر اساتذہ، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران شرکاء نے قومی یکجہتی، قربانی، جرات اور حب الوطنی کے جذبات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے خطاب میں اختر فاروق نے نوجوان نسل کے قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ میں اتحاد، نظم و ضبط، قومی شعور اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے صرف تعلیم فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ، اخلاقی اقدار اور وطن سے محبت کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔معرکہ حق کے سلسلے میں منعقد کیے گئے مختلف اسپورٹس اور ہم نصابی مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں شیلڈز، اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے طلبہ کی صلاحیتوں اور ان کے قومی جذبے کو خوب سراہا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔