Metro53 - نیو دہلی ( ویب ڈیسک )بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک جوڑے نے اپنے اکلوتے بیٹے کی موت کے غم میں خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 48 سالہ کرشنا پٹیل اور ان کی 47 سالہ اہلیہ راما بائی کی لاشیں اتوار کی رات ان کے گھر کے صحن میں درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئیں، پولیس کے مطابق دونوں نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔
جوڑے نے 4 صفحات پر مشتمل خودکشی نوٹ اور ایک ویڈیو پیغام بھی چھوڑا ہے۔
نوٹ میں لکھا گیا ہے کہ ان کے 21 سالہ اکلوتے بیٹے آدتیہ پٹیل کی 2024ء میں سڑک حادثے میں موت واقع ہو گئی تھی جس کے بعد سے وہ ناقابلِ برداشت صدمے میں تھے، والدین نے نوٹ میں اپنے بیٹے کو دنیا اور زندگی کی بنیاد قرار دیا ہے۔
نوٹ میں کہا گیا ہے کہ بیٹے کی موت کے بعد ہم زندہ تو تھے مگر زندگی نہیں گزار پا رہے تھے، ہمارے اس اقدام کا کوئی قصوروار نہیں اور ہم مکمل ہوش و حواس میں یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں جوڑے نے اپنے وکیل سے درخواست کی ہے کہ آدتیہ کے حادثے کے بعد ملنے والی معاوضے کی رقم ہمارے بڑے بھائیوں کو منتقل کر دی جائے۔