Metro53 - اسلام آباد( ویب ڈیسک )قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نج کاری کے سلسلے میں بولی کے لیے عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کی نجکاری کے دوسرے مرحلے میں عارف حبیب گروپ نے لکی کنسورشیم اور ایئر بلو کے مقابلے میں زائد رقم کی بولی لگائی۔
مشیرِ نجکاری کمیشن محمد علی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے اور نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، حکومت چاہتی ہے کہ پی آئی اے ماضی کی طرح بہتر ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی ایئر لائن کے 51 سے 100 فیصد شیئرز کی نجکاری کا فیصلہ کیا، کچھ بڈرز کی خواہش تھی کہ وہ 75 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے ہیں۔
مشیر نجکاری کمیشن نے مزید کہا کہ قومی ایئر لائن کے 75 فیصد شیئرز کی آج بولی ہو گی، باقی 25 فیصد شیئرز کے لیے 90 روز میں معاملات کیے جا سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دو تہائی پیمنٹ شروع میں اور ایک تہائی پیمنٹ بعد میں کی جا سکے گی، ہم نے بڈرز کو بولی کے بعد 2 پارٹیز کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔
مشیرِ نجکاری محمد علی نے یہ بھی کہا کہ بولی سے حاصل رقم کا 92 اعشاریہ 5 فیصد حصہ قومی ایئر لائن کی بہتری پر خرچ ہو گا۔
تقریب میں لکی کنسورشیم نے پی آئی اے کے لیے 101 ارب 50 کروڑ سے زائد کی بولی لگائی جبکہ ایئر بلو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی دی۔
پی آئی اے کی نجکاری کی تقریب میں عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی بولی لگائی ہے۔