پنجاب میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو سرسبز جنگل اور سولر پارک میں بدلا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز

پنجاب میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو سرسبز جنگل اور سولر پارک میں بدلا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز
Metro53

Metro53 - لاہور( ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زیروویسٹ ڈے پر ہر شہری کو پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کی خصوصی اپیل کی ہے۔وزیراعلیٰ نے زیروویسٹ کے عالمی دن پر عوامی سطح پر کچرے کے خاتمے کیلئے اقدامات اور ماحولیاتی تحفظ کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

 زیروویسٹ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز  نے کہا ہے کہ کچرے کو کم کرنے، ری سائیکلنگ اور پائیدار کھپت کے طریقوں سے ماحول کو صاف ستھرا اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ کرۂ ارض کو آلودگی سے پاک کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔عالمی شہرت یافتہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب کے ہر شہر کو زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز  نے کہا کہ پہلی مرتبہ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے۔ کوڑا اور کندگی کے ڈھیر موسمیاتی تبدیلی، فطرت اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور آلودگی کے مسائل میں اضافہ کرتے ہیں۔پنجاب میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو سرسبز جنگل اور سولر پارک میں بدلا جارہا ہے۔ پلاسٹک بیگز پر پابندی سے زیروویسٹ کے اہداف کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ صوبے بھر میں کسانوں کو ایگریکلچر ویسٹ مینجمنٹ کے لئے سبسڈی پر سپر سیڈرز فراہم کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز  نے کہا کہ پہلی مرتبہ فیکٹریوں اور صنعتوں میں ماحولیاتی قوانین کانفاذ یقینی بنایا جا رہا ہے۔پنجاب میں زیروویسٹ کیلئے جدید الیکٹرک وہیکلز اور مشینی نظام متعارف کرایاگیا ہے۔ صوبے میں کچرے سے توانائی اور ویلیو ایبل اشیاء تیار کرنے کے لئے ویسٹ ٹو ویلیومنصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں