Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے والد اور میری والدہ کی بیماری کا مذاق بنایا گیا اور کہا گیا وہ بیمار ہی نہیں ہیں یہ سب ڈرامہ ہے۔
گجرات یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جب میرے والد جیل میں تھے تو ان کی 71 یا 72 سال عمر تھی۔ ان کو بیماری کی حالت میں جیل میں رکھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد کو بار بار دل کے دورے پڑے، ان کے پلیٹ لیٹس بھی کم ہو گئے، ان کی بیماری کا اتنا مذاق بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی جیل میں تھی میرے والد بھی جیل میں تھے تو میری والدہ کو کینسر ہو گیا، ان کا لندن میں علاج ہو رہا تھا تو یہ کہتے تھے سب ڈرامہ ہے، میری والدہ وینٹیلیٹر پر تھیں تو یہ لوگ (پی ٹی آئی والے) ڈاکٹرز کا بھیس بدل کر ICU میں دھوکہ دے کر داخل ہو گئے، صرف یہ دیکھنے کیلئے کہ یہ سچ ہے یا جھوٹ۔
مریم نواز نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کی جب وفات ہوئی تو میرے والد نواز شریف نے کہا کہ یہاں پر انسان کو اپنی سچائی ثابت کرنے کیلئے مرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جب اپنی والدہ کی موت کی خبر سنی تب میں جیل میں تھی، میرے والد نے مجھے میرے سیل میں آ کر بتایا کہ تمہاری ماں اللہ کو پیاری ہو گئیں۔