کھاریاں میں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے،مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت

کھاریاں میں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے،مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت
Metro53

Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک)کھاریاں میں9ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلوں کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جسکے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے،پاکستان آرمی کی زیرِ نگرانی منعقد ہونے والا ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت اور مسلسل پیٹرولنگ مشق ہے۔

 مشقوں  کا مقصد شریک ملکی و غیر ملکی ٹیموں کے درمیان جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی طریقۂ کار کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جہاں شرکاء کو ایک حقیقت پسندانہ اور کٹھن عملی ماحول کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ مقابلہ وقت کے ساتھ ایک باوقار اور اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی فوجی مشق بن چکا ہے، جو شریک ممالک کے درمیان باہمی سیکھنے، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور عسکری تعاون کو فروغ دیتا ہے، جبکہ مشکل حالات میں ٹیم اسپرٹ اور رفاقت کو بھی مضبوط بناتا ہے مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیمیں بھی مقابلے کا حصہ بنیں جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، عملی صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کثیر القومی عسکری مشقیں جدید جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق مشترکہ تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے پاکستان آرمی کی بنیادی اقدار کا اعادہ کرتے ہوئے "کردار، جرات اور قابلیت" کو فوجی پیشے کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی فوج نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ملکی و غیر ملکی شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور مشق کے دوران اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، بہترین انتظامات اور نظم و ضبط کو سراہا۔بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور نئے قائم کیے گئے ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افواج اور تکنیکی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ روایتی تربیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں