Reuters - لاہور ( ویب ڈیسک ) پنجاب میں فصل کی باقیات نہ جلانے کی کامیاب مہم تیزی سے جاری ہے ،بیلرز اور کبوٹا مشینوں سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر فصل کی باقیات کو چارے کی گانٹھوں کی شکل میں جمع کر لیا گیا ۔
ڈیلی پاکستان کے مطابق رواں سال کے دوران کل 64 لاکھ 46 ہزار ایکڑ رقبے پر بوائی ہوئی تھی ،پنجاب کے کاشت شدہ کل رقبے میں سے 18 لاکھ 69 ہزار 340 ایکڑ رقبے سے فصل کاٹی جا چکی ہے،فصل کی کٹائی والا رقبہ کل کاشت شدہ اراضی کا 29 فی صد ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹارگٹ دیا تھا کہ کاشت شدہ رقبے میں کہیں بھی فصل کی باقیات نہ جلانے دی جائیں ۔جدید زرعی مشینوں کو فصل کی باقیات کو چارے کی گانٹھوں کی شکل میں جمع کرنے کی مہم شروع کی گئی ۔پنجاب میں 91 بیلر اور 814 کبوٹا مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں ۔
بیلر مشینوں کی مدد سے اب تک 32 ہزار 794 ایکڑ رقبے سے فصل کی باقیات جمع کی جا چکی ہیں ،کبوٹا مشینوں سے 3 لاکھ 19 ہزار 700 ایکڑ رقبے سے فصل کی باقیات جمع کی جا چکی ہیں ۔یہ پہلی بار ہے کہ پنجاب کے کسان فصل کی باقیات جلانے کے بجائے جدید مشینوں سے چارے کی شکل میں اسے جمع کر رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر مشینری کی فراہمی اور آگاہی مہم کے ذریعے پنجاب کے کسانوں کی مدد کی جا رہی ہے ۔فصل کی باقیات اور دھان کی پرالی جلانے سے فضائی آلودگی اور سموگ پیدا ہوتی ہے۔