Metro53 - لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میں عالمی یومِ ویساک نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ بدھ جینتی/ویساک بدھ مت کا ایک عظیم مذہبی تہوار ہے جو گوتم بدھ کی ولادت، روشن خیالی اور مہاپرینروان کی یاد میں دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
یہ تقریب تاریخی دھرم راجیکا اسٹوپا اور ٹیکسلا میوزیم میں وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدائت پر پنجاب حکومت کے محکمہ سیاحت، آثارِ قدیمہ و میوزیم کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس کی میزبانی سیکریٹری ٹورزم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ سقراط امان رانا نے ڈائریکٹرجنرل آرکیالوجی پنجاب ظہیر عباس ملک کے ہمراہ کی ۔تقریب میں وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کر کے تقریب کو بین الاقوامی رنگ دیا۔ مہمانوں میں نیپال کی سفیر ریتا دھیتال، تھائی لینڈ کے سفیر رونگ ودھی ویرا بُتر، سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل ایچ ایل اے ڈی ایف سینی ورتھنے، ویتنام کے سفیر فام انہ توان اور میانمار کے سفیر وُنّا ہان شامل تھے۔تقریب کے دوران شرکاء نے تاریخی ورثے کا دورہ کیا، مذہبی رسومات میں حصہ لیا اور خصوصی دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔ یہ مقام بدھ مت تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور اسے شہنشاہ اشوک کے دور سے منسوب کیا جاتا ہے۔تقریب شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہی، جس میں ایک گھنٹہ مشترکہ دورہ اور بعد ازاں دو گھنٹے پر مشتمل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں بدھ ثقافتی ورثے کو معاشی ترقی، پائیدار سیاحت، ثقافتی سفارتکاری اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر تھائی لینڈ سے آئے ہوئے معزز راہب انیل شاکیا اور سری لنکا سے پولپیتی مُکالانے پنناسری تھیرو نے خصوصی دعائیں کرائیں اور روحانی نشستوں کی قیادت کی۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے 15 دسمبر 1999 کو عالمی یومِ ویساک کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا تھا۔
یہ تقریب امن، محبت، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی مظہر ثابت ہوئی، جس میں مختلف ممالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کر کے بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دیا۔.