Metro53 - لاہور(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر صارفین معروف اداکارہ میرا کے حق میں سامنے آگئے جب ان کی نئی فلم سائیکو کی تشہیر کے دوران صحافی ارشاد بھٹی کے ساتھ انٹرویو کی ویڈیو کلپس اتوار کو وائرل ہوئیں۔
اس فلم میں وہ شان شاہد، سونیا حسین اور جاوید شیخ کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔یہ ویڈیو بھٹی کے پوڈکاسٹ کے آغاز سے لی گئی ہے جو اتوار کو جاری ہوا۔ فلم کے مصنف و ہدایت کار شان شاہد بھی اس پوڈ کاسٹ میں میرا کے ساتھ موجود تھے۔
عام طور پر یہ توقع کی جاتی ہے کہ سوالات فلم، ان کے ماضی کے کام اور آئندہ منصوبوں کے گرد گھومیں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔
ارشاد بھٹی نے اس موقع کو ان کی شادی اور نجی زندگی سے متعلق افواہوں پر کڑی جرح کے لیے استعمال کیا۔
پوڈ کاسٹ کے وائرل کلپ میں ارشاد بھٹی مسلسل اداکارہ سے نامناسب سوالات پوچھتے رہے جبکہ میرا ان کے جواب میں انتہائی تحمل سے صرف انہیں اپنی فلم دیکھنے کا مشورہ دیتی رہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ارشاد بھٹی کے اس عمل کو ’ہراسمنٹ‘ قرار دیا ہے۔ خاص طور پر ایکس پر صارفین کی بڑی تعداد نے سینئر صحافی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ تو میرا کا ظرف ہے کہ وہ صرف انٹرویو چھوڑ کر چلی گئی، انہیں اس (ارشاد بھٹی) کی چھترول کرنی چاہیے تھے‘۔
کئی صارفین نے اداکارہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان سے وعدہ کیا کہ وہ ان کی فلم ’سائیکو‘ سینما دیکھنے ضرور جائیں گے۔