Metro53 - کراچی (ویب ڈیسک) ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا، کراچی سے نجی ایئر لائن کے ذریعے پہلی حج پرواز 160 عازمین کے ساتھ روانہ ہو گئی۔
’’دنیا نیوز ‘‘کے مطابق عازمین حج کو گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے رخصت کیا اور مبارک باد دی، اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی حکام عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی کرے گی۔
قبل ازیں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے خوش نصیب لوگ ہیں جو حج پر جا رہے ہیں، اللہ پاک سے آپ سب عازمین دعا کریں کہ ملک ترقی کرے، پاکستان میں بسنے والوں کیلئے دعا کریں، رزق حلال کمانے کی کوشش کیلئے دعا کریں۔