Metro53 - واشنگٹن ( ویب ڈیسک )امریکی حکومت نے 12 مزید ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنے پر زیادہ سے زیادہ 15 ہزار ڈالرز تک سکیورٹی بانڈ لازمی قرار دے دیا ہے، یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے امیگریشن سخت کرنے کی نئی پالیسی کا حصہ ہے۔
امریکی محکمہ خارمہ کے مطابق یہ بانڈ خاص طور پر بی ون (کاروباری) اور بی ٹو (سیاحتی) ویزا درخواست گزاروں پر لاگو ہو گا، بانڈ کی رقم 3 درجات میں مقرر کی گئی ہے، 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار ڈالرز جس کا فیصلہ ویزا انٹرویو کے دوران کیا جائے گا۔
کن ممالک پر نئی پابندی عائد؟
نئی فہرست کمبوڈیا، ایتھوپیا، جارجیا، گریناڈا، لیسوتھو، ماریشس، منگولیا، موزمبیق، نکاراگوا، پاپوا نیو گنی، سیشلز اور تیونس شامل ہے۔
اِن ممالک کے شہریوں پر یہ شرط 2 اپریل سے نافذ ہو گی، اس اضافے کے بعد مجموعی طور پر تقریباً 50 ممالک اس پروگرام کے تحت ڈیل کیے جائیں گے جن میں زیادہ تر افریقی ممالک شامل ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا بانڈ پروگرام کا مقصد ویزا مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام کو روکنا ہے، حکام کے مطابق اب تک جاری کیے گئے تقریباً ایک ہزار ویزوں میں سے 97 فیصد افراد مقررہ مدت کے اندر امریکا سے واپس چلے گئے۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ بانڈ ادا کرنے سے ویزا کی منظوری کی ضمانت نہیں ملتی، اگر درخواست مسترد ہو جائے یا ویزا شرائط پر عمل کیا جائے تو رقم واپس کر دی جاتی ہے۔
جنوری 2025ء میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قانونی اور غیر قانونی دونوں قسم کی امیگریشن محدود کرنے کے اقدامات تیز کر دیے تھے۔
امریکی حکومت پہلے ہی 75 ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ معطل کر چکی ہے، بڑے پیمانے پر ملک بدری مہم جاری ہے جبکہ پناہ گزینوں کی تعداد بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔