حکومت کاپیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 55،55روپے اضافے کااعلان

حکومت کاپیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 55،55روپے اضافے کااعلان
Metro53

Metro53 - اسلام آباد( ویب ڈیسک )نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اضافے کے بعد پیٹرل کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، پڑوس میں شروع ہونے والی صورتحال نے پورےخطےکو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صورتحال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا، ہماری کوشش ہے کہ بطور ریاست اس کام کو حکمت کے تحت آگے لے کر چلیں۔

علی پرویز ملک نے یہ بھی کہا کہ ناجائز منافع خوری پر وزیراعظم نے سختی سے نوٹس لیا ہے، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، حالیہ اضافے کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل ذرائع سے بھی پٹرولیم منصنوعات کے لیے سعودی عرب سے رابطہ کیا ہے، ایک حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ دنیا میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ خطے میں جنگ کی صورتحال ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، وزیراعظم اس متعلق بہت فکر مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج خود میٹنگ کی ہے، جس میں صورتحال کاجائزہ لیا،اجلاس میں دونوں وزراء، اوگرا اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ کتنا اضافہ کرنا ہے، متوازن کرکے ہم نے کوئی راستہ نکالنا تھا، ہم نے دوسرے ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ساتھیوں کو ساتھ ملا کر کشیدگی کم کرائی جائے، اس کشیدگی کو کم کرنے میں کتنی دیر لگے گی دیکھنا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دوسرے ممالک سے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں، 5 روز گزر چکے ہیں روز جائزہ لیتے ہیں، قیمتوں میں ہر روز خطیر اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ کا درآمدات اور برامدات پر کیا اثر ہوگا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ہمارے پاس ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی خوف و ہراس کی ضرورت نہیں ہے، جو منظر نامہ ہے اس کے مطابق پلاننگ کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ چاروں چیف منسٹرز سے بات کریں گے۔

اس سے قبل مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر اضافے کا امکان سامنے آیا تھا۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں