گجرات میں پولیس گینگ شہریوں کو لوٹنے لگا، دوپولیس کانسٹیبل اور ایک خاتون گرفتار

گجرات میں پولیس گینگ شہریوں کو لوٹنے لگا، دوپولیس کانسٹیبل اور ایک خاتون گرفتار
Metro53

Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک ) گجرات پولیس نے تھانہ لاری اڈا نے چند روز قبل ہونے والی رابری کی واردات کو کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں پولیس لائنز میں تعینات دو پولیس کانسٹیبل اور ایک خاتون شامل ہے، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر گورالی کے رہائشی نوید احمد سے 10ہزار نقدی چھینی۔

ایس ایچ او تھانہ لاری اڈا انسپکٹر فواد سلیم کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خصوصی آپریشن کے دوران کانسٹیبل ذوہیب ریاض، کانسٹیبل رفاقت علی اور خاتون ملزمہ زینب عرف زینی کو گرفتار کیا۔

تھانہ لاری اڈا پولیس نے گرفتار  ملزمان کے قبضہ سے مالِ مسروقہ اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناجائز بھی برآمد کر لیا اور اسلحہ ناجائز کی بابت الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ"قانون سب کے لیے برابر ہے۔ محافظوں کے روپ میں شہریوں کو لوٹنے والے کالے بھیڑے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان ملزمان کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جائے گا جو عام جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ہوتا ہے اور گجرات پولیس میں احتساب کا عمل جاری رہے گا"۔

ڈی پی او گجرات نے مزید کہا کہ پولیس فورس کا وقار اور عوام کا اعتماد ہماری اولین ترجیح ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

گجرات پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور محکمہ کے اندر موجود بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں