Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک) عوامی صحت کے تحفظ اور عطائیت کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سی ای او ہیلتھ گجرات ڈاکٹر عطاالمنعم اور ڈی ڈی ایچ او تحصیل سرائے عالمگیر ڈاکٹر وحید کامران نے ہیلتھ ٹیم کے ہمراہ گاؤں پھروال، پتنوالا، کھدریالہ اور یونین کونسل سمبلی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران قاسم ہومیو کلینک کا معائنہ کیا گیا جہاں غیر قانونی طور پر ایلوپیتھک پریکٹس کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ موقع پر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ کیس چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوانے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
مزید کارروائی کے دوران گاؤں کھدریالہ میں قائم اکبر میموریل کلینک کا بھی معائنہ کیا گیا جو ایک مستند لیڈی ڈاکٹر ایم بی بی ایس چلا رہی تھیں۔ معائنے کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی تاہم ایم ایس ڈی ایس انڈیکیٹرز سے متعلق ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق مجموعی طور پر دو کلینکس کا دورہ کیا گیا جن میں سے ایک کو غیر قانونی سرگرمیوں پر سیل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ اور عطائیت کے مکمل خاتمے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رکھے جائیں گے