Category:

مری کی خبریں

مری میں سکول وین کھائی میں جاگری، حادثے کے بعد آگ لگنے سے 11 بچے جھلس گئے

Metro53 - مری (ویب ڈیسک): مری کے سائن روڈ مسیاڑی کے مقام پر ایک نجی سکول کی وین بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جاگری، جس کے فوری بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔ افسوسناک حادثے میں وین میں سوار 11 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔ وین میں پھنسے بچوں کو باہر نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ آگ پر قابو پانے کے بعد جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔

4 شدید زخمی بچے راولپنڈی منتقل

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کے مطابق حادثے کا شکار وین میں دو نجی سکولوں کے 12 بچے سوار تھے، جنہیں مختلف علاقوں سے سکول لے جانے کے لیے پک کیا گیا تھا۔

حادثے کے بعد شدید جھلسنے والے 4 بچوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر متاثرہ بچوں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مری منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کے جسم پر تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے زخم آئے۔ اسی طرح عائشہ دختر کلیم تقریباً 42 فیصد جھلسنے کے باعث شدید متاثر ہوئی۔

ڈی پی او کے مطابق دیگر بچوں کی حالت مجموعی طور پر مستحکم ہے۔ ان میں سے دو بچے جھلسنے سے محفوظ رہے، جبکہ دیگر چھ بچوں کو 10 فیصد سے کم جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں بریک فیل ہونے کا انکشاف

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ وین کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ بریک فیل ہونے کے بعد وین بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری اور حادثے کے فوری بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی بچوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے، جبکہ معمولی نوعیت کے جھلسنے والے بچوں کا علاج ڈی ایچ کیو ہسپتال مری میں جاری ہے۔

گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کا فیصلہ

ڈی پی او مری نے بتایا کہ تقریباً دو ماہ قبل بھی مری میں ایک وین میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ حالیہ حادثے کے بعد مری میں گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ کا دائرہ مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق صرف مرکزی یا مقامی شاہراہوں پر چلنے والی گاڑیوں ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں کے اندر چلنے والی گاڑیوں کی فٹنس بھی چیک کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں