جہلم میں عوام کو سستی، معیاری اور وافر اشیائے خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ

جہلم میں عوام کو سستی، معیاری اور وافر اشیائے خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ
Metro53

Metro53 - جہلم( ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جہلم سبزی منڈی میں بولی کے عمل کی کڑی نگرانی کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ مسلسل تیسرے روز منڈی میں موجود رہی تاکہ گراں فروشی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور پھل و سبزیاں مقررہ سرکاری نرخوں پر عوام تک پہنچ سکیں۔

سبزی منڈی میں بولی کے عمل کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم شگفتہ جبین، ایس ڈی او پیرا شاہد محمود، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی فیصل بشیر اور تحصیلدار جہلم نے کی۔ افسران نے نیلامی کے دوران نرخوں، معیار اور سپلائی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کسی بھی سطح پر ناجائز منافع خوری نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی ہر صورت یقینی بنائیں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی کرنے والوں کی دکانیں سیل کی جائیں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ملزمان کو براہِ راست جیل بھیجا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سبزی منڈی میں طے پانے والے سستے نرخوں کا اطلاق پورے ضلع کی مارکیٹوں پر سختی سے کروایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر بلا امتیاز اور فوری ایکشن لیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو سستی، معیاری اور وافر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ناجائز منافع خوروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی بلکہ ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں