سپین کی جیلوں میں قیدپاکستانیوں کی دادرسی کیلئے قونصل جنرل بارسلونامراد علی وزیر کی کاتالان حکام سے ملاقات

سپین کی جیلوں میں قیدپاکستانیوں کی دادرسی کیلئے قونصل جنرل بارسلونامراد علی وزیر کی کاتالان حکام سے ملاقات
Metro53

Metro53 - بارسلونا( ویب ڈیسک )قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مراد علی وزیراور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سالک محمودنے جنرلتا ت دی کاتالونیا کے ادارے Centre d’Estudis Jurídics i Formació Especialitzada (CEJFE) کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک ملاقات کی ۔جس کا مقصد کاتالونیا کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی فلاح و بہبود، نگرانی اور بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ہسپانوی حکام کی جان

ملاقات کے دوران قونصل خانے نے پاکستانی قیدیوں سے متعلق باقاعدہ اور منظم رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور درخواست کی کہ تمام پاکستانی قیدیوں کا مکمل اور تازہ ترین ریکارڈ، بشمول ان کے مقام اور قانونی حیثیت کی تفصیلات، ماہانہ بنیادوں پر قونصل خانے کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کی باقاعدہ نگرانی اور جیلوں کے دورے ممکن بنائے جا سکیں۔ اس کے علاوہ قونصل خانے نے جیل انتظامیہ میں ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کی درخواست کی جس پر حکام نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے فوکل پرسن مقرر کر دیا اور ان کی مکمل تفصیلات قونصل خانے کے ساتھ شیئر کر دی گئیں تاکہ معلومات کی فراہمی، جیلوں کے دورے اور قیدیوں کی فلاح و دستاویزات سے متعلق امور میں بروقت رابطہ ممکن ہو سکے۔

قونصل خانے نے حکام کو بتایا کہ  جیل وزٹ کے دوران کچھ قیدیوں نے بتایا کہ اہل خانہ سے ٹیلیفون پر بات کرنے کے لئے زیادہ فیس رکھی گئی ہے ۔ اس حوالے سے حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے اس مسئلے کا جائزہ لے کر اسے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، قونصل خانے کی درخواست پر حکام نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں تک انتظامی طور پر ممکن ہو، پاکستانی قیدیوں کو ان کے اہل خانہ کے قریب واقع جیلوں میں رکھا جائے گا تاکہ خاندان کے افراد آسانی سے ملاقات کر سکیں۔

حکام نے قونصل خانے کو آگاہ کیا کہ قیدیوں کی فلاح و بحالی کی سہولیات جرم کی نوعیت کے مطابق فراہم کی جاتی ہیں۔ منشیات کے عادی قیدیوں کے لیے خصوصی بحالی اور علاج کے پروگرامز بھی جاری ہیں جن میں نفسیاتی معاونت بھی شامل ہے۔ قونصل خانے نے یہ درخواست بھی کی کہ پاکستانی قیدیوں کو ہسپانوی زبان کی تعلیم دی جائے اور انہیں فنی و پیشہ ورانہ مہارتیں سکھائی جائیں تاکہ وہ سزا پوری ہونے کے بعد باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ حکام نے بتایا کہ جیلوں میں ہسپانوی زبان کے کورسز پہلے سے جاری ہیں اور فنی تربیت سے متعلق تجویز پر بھی مثبت غور کیا جائے گا۔

ملاقات خوشگوار اور تعاون پر مبنی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں قونصلیٹ جنرل پاکستان، بارسلونا اور حکومتِ کاتالونیا کے درمیان پاکستانی قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مضبوط تعاون کا اعادہ کیا گیا۔ قونصل خانہ پاکستانی قیدیوں کے حقوق، وقار اور بہبود کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کرتا رہے گا ۔ ماہانہ بنیادوں پر معلومات کے تبادلے، فوکل پرسن کی تقرری اور باقاعدہ رابطہ کاری کے ذریعے قونصل خانہ آئندہ بھی پاکستانی قیدیوں کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں