Metro53 - کراچی (ویب ڈیسک) ماضی کی معروف اداکارہ، ہدایت کارہ اور فلم ساز سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں نہ صرف بھارت میں فلم کی ہدایت کاری اور اداکاری کی پیشکش ہوئی بلکہ راج کپور نے انہیں رشی کپور سے ’’جھوٹی شادی‘‘ کروانے کی بھی آفر دی، تاکہ وہ بھارت میں کام کر سکیں۔
’نیو ٹی وی‘ کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنگیتا نے بتایا کہ راج کپور انہیں فلم ’پریم روگ‘ میں ہیروئن لینا چاہتے تھے۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ اگر سنگیتا بھارت میں رہنا چاہیں تو وہ ان کی رشی کپور سے فرضی شادی کروا سکتے ہیں تاکہ کوئی قانونی پیچیدگی نہ ہو۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے فلم ’گھرانہ‘ بنائی تھی، جس کی کہانی بعد میں بھارتی فلم ’باغبان‘ سے ملتی جلتی نکلی۔ تاہم، بھارتی فلم نے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کی فلم زیادہ مقبول نہ ہو سکی۔
سنگیتا نے یہ بھی کہا کہ انہیں ہالی ووڈ کے عرب اداکار عمر شریف (ڈاکٹر زواگو والے) بہت پسند تھے، لیکن کسی پاکستانی اداکار سے انہیں کبھی محبت نہیں ہوئی۔