Category:

دوحہ کی خبریں

دوحہ میں ایشیاء کپ رائزنگ سٹارز ،پاکستان شاہینز بھارت اے کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

Metro53 - دوحہ (ویب ڈیسک) ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے گروپ میچ میں شاہینز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ بھارت اے کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 136 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ سوریا ونسی نے 45 اور نمن دھیر نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، مگر باقی بیٹنگ لائن بری طرح بکھر گئی اور آخری8 وکٹیں صرف 45 رنز کے اضافے پر گریں۔

پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں لیں۔ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز نے معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 13.2 اوورز میں ہی 137 رنز پورے کر لیے۔ معاذ نے صرف 47 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ محمد فائق 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد نعیم نے 14 اور یاسر نے 11 رنز بنائے۔یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی دوسری فتح ہے، اور اب ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 18 نومبر کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں