Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) گجرات اور گردونواح میں شدید بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی، جبکہ نشیبی علاقے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں موسلادھار بارشوں کے بعد نالہ بھمبر میں طغیانی آ گئی ہے، جس کا پانی گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، نالہ بھمبر کا پانی شاہین چوک سے آگے سرگودھا روڈ پر واقع پل سے ٹکرا گیا ہے، جس سے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
مقامی افراد نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگر مزید بارش ہوئی تو آس پاس کے علاقوں میں سیلابی کیفیت مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، تاہم شہریوں نے نکاسی آب کے ناقص نظام اور بروقت اقدامات نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔