Category:

معمر قذافی کا صاحبزادہ کی خبریں

لبنان :معمر قذافی کا صاحبزادہ 11 ملین ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا

Metro53 - بیروت (ویب ڈیسک) لبنان کی عدالت نے معمر قذافی کے صاحبزادے کو 11 ملین ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

الجزیرہ کے مطابق لبنان کی ایک عدالت نے سابق لیبیائی رہنما معمر قذافی کے صاحبزادے ہنیبال قذافی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا ہے، تاہم ان پر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ہنیبال قذافی کو تقریباً دس سال سے بغیر مقدمے کے حراست میں رکھا گیا تھا۔

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ اس مقدمے میں سنایا گیا ہے جو معروف شیعہ رہنما امام موسیٰ الصدر کی 1978 میں لیبیا میں گمشدگی سے متعلق ہے۔

قذافی کے وکیل لارینٹ بایون نے اس فیصلے کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا "ایسے کیس میں ضمانت پر رہائی ناقابلِ قبول ہے۔ ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ہنیبال قذافی پر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہیں اور وہ اتنی بڑی رقم ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

ہنیبال قذافی کو 2015 میں لبنان میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ امام موسیٰ الصدر کی گمشدگی کے بارے میں معلومات چھپا رہے ہیں۔ موسیٰ الصدر لبنان میں ایک بااثر شیعہ رہنما تھے اور انہوں نے امل موومنٹ کی بنیاد رکھی تھی، جو آج حزب اللہ کی سیاسی اتحادی جماعت ہے۔

1978 میں موسیٰ الصدر، ایک صحافی اور اپنے ساتھی کے ہمراہ لیبیا کے دورے پر گئے تھے جہاں ان کی ملاقات معمر قذافی سے طے تھی، لیکن اس ملاقات کے بعد وہ پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

لبنان کے اسپیکرِ پارلیمنٹ نبیہ بری، جو امل موومنٹ کے موجودہ سربراہ ہیں، نے بارہا الزام عائد کیا ہے کہ لیبیا کی نئی حکومت اس کیس میں تعاون نہیں کر رہی، تاہم لیبیا ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

ہنیبال قذافی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کا مؤکل اب 49 سال کا ہے، یعنی امام موسیٰ الصدر کی گمشدگی کے وقت وہ صرف دو سال کے تھے۔

ادھر امام موسیٰ الصدر کے خاندان نے عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس ضمانت کے فیصلے پر حیران ہیں۔
ان کے بیان میں کہا گیا"ہنیبال قذافی کی گرفتاری یا رہائی ہمارا مقصد نہیں، یہ صرف ایک قانونی معاملہ ہے۔ ہمارا اصل مقصد امام الصدر کی گمشدگی کا سراغ لگانا ہے۔"

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں