Metro53 - لاہور (ویب ڈیسک)بولی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان کی جانب سے حالیہ انٹرویو میں لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد، عامر خان کے اہلِ خانہ نے اپنا باضابطہ ردعمل جاری کر دیا ہے۔
فیصل خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ماضی میں انہیں دماغی بیماری (شیزوفرینیا) کا مریض قرار دے کر ایک سال تک گھر میں قید رکھا گیا۔ ان کے بقول، اس دوران نہ صرف فون ضبط کر لیا گیا بلکہ کمرے کے باہر گارڈز تعینات کیے گئے، جو انہیں دوا دیتے اور باہر نکلنے سے روکتے تھے۔ فیصل نے مزید کہا کہ وہ اس وقت اپنے والد سے مدد کے خواہاں تھے، مگر ان سے رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔
ان الزامات پر عامر خان کے اہل خانہ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تمام دعوؤں کو بے بنیاد اور افسوسناک قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اہلِ خانہ نے جاری بیان میں کہا کہ فیصل خان نے ماضی میں بھی واقعات کو مسخ کر کے پیش کیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق، فیصل سے متعلق تمام فیصلے ماہرِ نفسیات کے مشورے اور خاندانی رضامندی سے کیے گئے تاکہ ان کی جذباتی و ذہنی بہتری ممکن ہو سکے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اس نجی معاملے کو ہمیشہ میڈیا سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن فیصل خان کے حالیہ بیانات نے صورتحال کو سنسنی خیز بنانے کی کوشش کی ہے۔
آخر میں اہلِ خانہ نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اچھالنے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔