Metro53 - پشاور( ویب ڈیسک )خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہےکہ حکومت، عوام، پارلیمان کواعتماد میں لیے بغیر کیا گیا ایک بھی فیصلہ نہیں مانیں گے۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ جس دن وزیراعلیٰ کے لیے میرا نام آیا تو کہا گیا ہمیں قبول نہیں، مجھے ان قبول نہ کرنے والوں کی فکر نہیں، اپنی عوام سے پوچھتا ہوں کہ قبول ہوں یا نہیں؟ آج ثابت ہوا کہ میں عوام کو قبول ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف پاکستان بھر میں پروپیگنڈا کیا گیا، مجھے دہشتگرد بنانے کی ناکام کوشش کی گئی اورکہا گیا کہ نااہل ، ناتجربہ کار بچہ ہوں ڈیلیور نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق ہوں گے، مجھے اپنے لیڈر سے عدالتی احکامات کے باوجود ملنے نہیں دیا گیا، میں نے عوام کی عدالت میں جانے اور اپنا مقدمہ ان کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا، ہمیں اعتماد میں لیے بغیر بند کمروں کے فیصلےنہیں مانیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مایوس نہ ہوں ملک میں حقیقی آزادی آئین و قانون کی بالادستی لائیں گے، ملک اور قوم پر ظلم و جبرکرنے والوں کو انصاف کےکٹہرے میں لاؤں گا، حکومت ،عوام، پارلیمان کواعتماد میں لیے بغیر کیا گیا ایک بھی فیصلہ نہیں مانیں گے۔