Metro53 - گجرات (مرزاعامر بیگ سے) گجرات شہر اور اس کے گرد و نواح میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے۔
بارش کا پانی گھروں اور تجارتی مراکز میں داخل ہو چکا ہے جس سے قیمتی سامان تباہ ہو رہا ہے اور تاجروں کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے غائب نظر آ رہی ہے جبکہ نکاسی آب کا ناقص نظام اس تباہی کو بڑھا رہا ہے۔
شہری اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں لیکن امدادی کاموں میں سستی کی وجہ سے وہ بے یار و مددگار ہو چکے ہیں۔مزید برآں، غذائی قلت کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گجرات میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو چکے ہیں اور صورتحال تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔