Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین آج بروز جمعۃ المبارک ضلع گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وہ علی پور، کوٹ پتواں، کالیکی، کٹھالہ اور چک سادہ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں انہیں مکمل بریفنگ دی جائے گی۔
وزیرِ صنعت و تجارت ریلیف کیمپوں کا معائنہ بھی کریں گے اور موقع پر موجود متاثرین میں راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کریں گے۔ چوہدری شافع حسین متاثرین کو یقین دلائیں گے کہ حکومت ان کی مکمل بحالی تک ان کا ساتھ دے گی اور ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
دورے کے دوران وہ چوہدری عثمان منظور دھدرا کی رہائش گاہ پر جا کر فاتحہ خوانی کریں گے اور گجرات چیمبر آف کامرس کے صدر باؤ منیر پشاوری کی عیادت بھی کریں گے، جو حال ہی میں علیل ہوئے ہیں۔
اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سٹی صدر چوہدری علی ابرار جوڑا اور دیگر پارٹی کارکنان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شافع حسین کا یہ دورہ نہ صرف عوامی ہمدردی کی علامت ہے بلکہ حکومتِ پنجاب کی ریلیف کوششوں کو زمینی سطح پر فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔