9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کو ضمانت، رہائی کے احکامات جاری

9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کو ضمانت، رہائی کے احکامات جاری
Metro53

Metro53 - سپریم کورٹ نے 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمات کی سماعت کی اور ضمانت منظور کی۔ اس سے قبل بینچ میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کیا گیا۔

سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے بتایا کہ گزشتہ روز طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکے، جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ "کوئی بات نہیں"۔

چیف جسٹس نے دورانِ سماعت استغاثہ اور عمران خان کے وکیل سے دو اہم سوالات کیے:
پہلا سوال یہ تھا کہ کیا ضمانت کیس میں حتمی فیصلہ دیا جا سکتا ہے؟
دوسرا سوال یہ تھا کہ ماضی میں سازش کے الزامات پر ملزمان کو ضمانت دی گئی تھی، کیا اس کیس پر بھی وہی اصول لاگو ہوگا؟

اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ضمانت کے کیسز میں عدالتی مشاہدات عبوری نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کا ٹرائل پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ضمانت سے متعلق رہنما اصول وضع کر رکھے ہیں، تاہم ان پر عملدرآمد کبھی ہوتا ہے اور کبھی نہیں۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے اعجاز احمد چوہدری کیس کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت میں ضمانت کے فیصلے کا مطالعہ بھی پیش کیا۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں