Metro53 - گجرات (مرزاعامر بیگ سے )تھانہ کڑیانوالہ کے علاقے آعوان شریف میں ایک نوجوان لڑکی کو جعلی نکاح نامے، نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے مبینہ جعلی پیر اور خودساختہ ستارہ شناس ڈاکٹر شمش الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کا تعلق آعوان شریف سے ہے اور وہ برنالہ ہسپتال اینڈ میٹرنٹی ہوم میں انٹرن شپ کر رہی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق، شمش الرحمان نے "علمِ نجوم سکھانے" کے بہانے اسے قریبی تعلق میں الجھایا، بعد ازاں اس کا اعتماد حاصل کر کے چالاکی سے انگوٹھے لگوا کر جعلی نکاح نامہ تیار کیا۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ شمش الرحمان نے بعد میں نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنا لیں، اور انہی کے ذریعے اسے اور اس کے والدین کو دھمکیاں دے کر بلیک میل کرنے لگا۔ ملزم نے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا کہ اگر رقم نہ دی گئی تو ویڈیوز انٹرنیٹ پر اپلوڈ کر دی جائیں گی۔
یہ بلیک میلنگ کئی ماہ سے جاری تھی، جس کے بعد متاثرہ خاندان نے پولیس سے رجوع کیا۔ مقدمہ نمبر C/3574 مورخہ 31 جولائی 2025 کو درج کیا گیا، جس میں ملزم کے خلاف دفعہ 376 (زیادتی)، 292 (فحش مواد)، 420 (دھوکہ دہی) اور 25-D ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
متاثرہ خاندان نے اعلیٰ پولیس حکام اور ڈی پی او گجرات سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں ایسی مکروہ حرکات کا خاتمہ ہو سکے۔