Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) گجرات میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں جبکہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر گجرات جیل سے250 قیدیوں کو جہلم جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں مجموعی طور پر 1008 قیدی و حوالاتی موجود تھے، جبکہ قیدیوں کی گنجائش صرف 568 افراد کی ہے۔ مزید قیدیوں کی منتقلی کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 1258 ہو چکی ہے، جو انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
شہر کی اہم شاہراہیں، گلیاں اور محلّے جھیل کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ جیل چوک، کچہری چوک، خواجگان روڈ، محلہ شاہ حسین، غریب پورہ، اور بھمبر روڈ پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو چکا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کمپلیکس، سرکاری رہائشگاہوں، تھانوں اور جیل کے اطراف بھی پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے بلکہ صحت و صفائی کے مسائل بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔
۔