Metro53 - گجرات (اعجاز شاکر) گجرات میں زمین کے تنازع پر لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں 34 سالہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا یا گیا متاثرہ خاتون اسپتال پہنچنے پر جانبر نہ ہو سکیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ،ریلوے روڈ کے علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ملزم ارشد، قیصر عرف گوگا، ناصر اقبال و دیگر نے خاتون ملکہ بی بی کو مبینہ طور پر ڈنڈوں، سوٹوں اور اسلحے کے بٹ سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔متاثرہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انہوں نے دم توڑ دیا۔
تھانہ اے ڈویژن میں مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمے میں جاوید اقبال ماجرہ کو مشورہ دینے والے ملزم کے طور پر بھی نامزد کیا گیا ہے۔واقعے پر شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جلد انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
سول سوسائٹی اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں نے بھی واقعے کو خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی ایک اور افسوسناک مثال قرار دیا ہے۔