Metro53 - مظفرآباد، آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز دہرے قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں 24 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی سابقہ بھابھی اور اس کے دوسرے شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعہ دولت کالونی اپر چتر ہاؤسنگ اسکیم کے قریب رات ساڑھے تین بجے پیش آیا، جب راولپنڈی میں قانون کے طالب علم شہباز احمد خان نے مقتول جوڑے کے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 30 سالہ آمنہ بی بی اور 24 سالہ احتشام اجمل قریشی کے طور پر ہوئی ہے۔ آمنہ بی بی، شہباز احمد کی سابق بھابھی تھیں جن کے شوہر (یعنی شہباز کے بھائی) تین سال قبل دورانِ ڈیوٹی شہید ہو چکے تھے۔ آمنہ نے چند ہفتے قبل احتشام قریشی سے دوسری شادی کی تھی، جس پر مقتولہ کے سسرالی خاندان کو شدید اعتراض تھا۔
واردات کے وقت آمنہ بی بی کے تین بچے بھی گھر میں موجود تھے، جن میں ایک بیٹی نے واردات اپنی آنکھوں سے دیکھی۔ اسی بیٹی کے بیان پر پولیس نے مقدمہ درج کیا۔
ایس ایچ او جاوید گوہر کے مطابق، ملزم دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا، کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر آیا اور پستول سے فائرنگ کی۔ خاتون کو تین جبکہ مرد کو دو گولیاں لگیں، جس کے باعث دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کو واقعے کی اطلاع صبح سوا پانچ بجے موصول ہوئی، جس کے بعد لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ شام کے وقت ملزم کو راولپنڈی فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے ہاتھ پر شیشے سے چوٹ کے نشانات بھی پائے گئے، جنہیں طبی معائنے کے بعد تفتیشی رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
ایس ایچ او کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں واقعے کی وجہ غیرت کا معاملہ معلوم ہوتی ہے، تاہم تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔