Metro53 - لاہور) ویب ڈیسک ) یوتھ جنرل اسمبلی کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے اعزاز میں ایک شایانِ شان عشائیہ منعقد کیا گیا، یہ تقریب اس اعترافِ امتیاز کے سلسلے میں منعقد ہوئی جو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک محمد احمد خان کو "کامن ویلتھ پارلیمنٹیرین آف دی ایئر 2025" کے طور پر عطا کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام چیئرمین ARAR گروپ چوہدری ہمایوں سرور (ٹھکریاں)، میاں شاہد اور فہد شہباز نے کیا۔ اس باوقار تقریب میں صوبائی کابینہ کے اراکین، معزز اراکینِ اسمبلی، سفارتی نمائندگان اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیرِ قانون رانا محمد اقبال، وزیرِ محنت و افرادی قوت خواجہ منشاء اللہ بٹ، وزیرِ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چوہدری شافع حسین، پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی، چیف وِپ مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، رہنما آئی پی پی شعیب صدیقی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز سمیت متعدد اراکینِ اسمبلی شریک ہوئے۔ ایران کے قونصل جنرل مِهران موحدفَر اور ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمین شیمشیک بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اسمبلی کی شفافیت، جوابدہی اور پارلیمانی کمیٹیوں کی مؤثر فعالیت ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ اُنہوں نے گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران کی جانے والی اصلاحات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ قانون سازی تک ڈیجیٹل رسائی میں اضافہ، کمیٹی اجلاسوں کے نظام کو فعال بنانا اور سوالات کے بروقت جواب کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کو مزید متحرک کر کے ایگزیکٹو کی بہتر نگرانی اور عوامی توقعات کے مطابق کارکردگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
یوتھ جنرل اسمبلی نے ملک محمد احمد خان کو فراہم کیے گئے اس عالمی اعزاز کو پاکستان اور خصوصاً پنجاب کے پارلیمانی نظام کے لیے ایک قابلِ فخر سنگِ میل قرار دیا۔ شرکائے تقریب نے جمہوری اقدار کے فروغ، شفاف حکمرانی اور پارلیمانی سفارت کاری کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔