Metro53 - بہاولپور( ویب ڈیسک )بہاولپور کے شہری مضر صحت گوشت کھانے سے بچ گئے،گوشت کے نام پر بیماریاں بانٹنے والا گروہ پکڑ لیا،کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی، لائیو سٹاک، ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے عمل میں لائی گئی،3000 ہزار کلو سے زائد ناقص اور گلا سڑا مضر صحت گوشت تلف، 6 فریزر قبضے میں لے لیے،فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج، 1 شخص گرفتار
تفصیلات کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز شہزاد خان مگسی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک کی زیر نگرانی کی گئی۔بھاری مقدار میں گوشت کو گھر میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ویجیلنس ٹیم کی طویل ریکی کے بعد شکاری پوری گیٹ اندرون بازار میں واقع گھر پر چھاپہ مارا گیا۔انتہائی بدبودار، رنگ تبدیل ہوا گلا سڑا گوشت ذخیرہ کیا گیا تھا۔گوشت مختلف ہوٹلوں، پکوان سنٹرز پر سپلائی کیا جانا تھا۔ہزاروں کلو گوشت موقع پر ضائع کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق زیروٹالرنس پالیسی کے تحت بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری ایسے غیر قانونی کاروبار کی نشاندہی کرکے فوری 1223 پر اطلاع دیں۔