Metro53 - راولپنڈی (ویب ڈیسک )آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لوگ نہایت باصلاحیت، باہمت، محبِ وطن اور ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں، بلوچستان پاکستان کا فخر ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جی ایچ کیو میں 17ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات پر بھی گفتگو کی۔آرمی چیف نے بلوچستان کے بے پناہ اقتصادی امکانات کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ پائیدار ترقی کےلیے نوجوانوں کا فعال کردار نہایت اہم ہے، ذاتی سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو رد کر کے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہو گا۔