Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) پاکستان کی سیاست میں بااثر سمجھے جانے والے چودھری ظہور الٰہی خاندان کے درمیان جاری اختلافات ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کے درمیان بڑھتی دوریوں کے بعد اب خاندانی تقریبات میں بھی یہ دراڑیں کھل کر سامنے آ رہی ہیں۔
حال ہی میں چودھری شفاعت حسین کی بیٹی کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی، تاہم سب کی نظریں چودھری پرویز الٰہی کی غیر موجودگی پر ٹک گئیں۔ سیاسی و خاندانی حلقوں میں اس بات پر چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا یہ غیر حاضری محض مصروفیت تھی یا اختلافات کا عملی اظہار؟
یاد رہے کہ چودھری ظہور الٰہی کا خاندان طویل عرصے تک سیاسی اتحاد و اتفاق کی مثال سمجھا جاتا رہا ہے، مگر حالیہ برسوں میں اختلافات، جماعتی تقسیم اور باہمی کشیدگی اس خاندان کو بھی سیاسی تقسیم کی ایک اور مثال بنا چکے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایسے موقع پر، جب خاندانی اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، ایک اہم تقریب میں پرویز الٰہی کی غیر موجودگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔